بھارت میں کورونا وائرس کی تشویشناک صورتحال کے پیشِ نظر آسٹریلیا نے بھارت سے فلائٹ آپریشن بند کردیا۔ آسٹریلوی وزیراعظم نے انڈین پریمیئر لیگ میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں سے کہا ہے کہ وہ وطن واپسی کے لیے انتظامات خود کریں۔
آسٹریلوی وزیرِاعظم اسکاٹ موریسن کا کہنا ہے کہ بھارت سے براہِ راست فلائٹس 15 مئی تک معطل رہیں گی۔
انھوں نے مزید کہا کہ فلائٹ آپریشن کی بندش کے بعد اب آئی پی ایل میں شریک آسٹریلوی کھلاڑیوں کو وطن واپسی کے لیے انتظامات خود کرنے ہوں گے۔
اس کی وجہ بتاتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آئی پی ایل میں کھلاڑی انفرادی حیثیت میں شریک ہیں، وہ اپنے وسائل سے بھارت گئے تھے واپسی کے لیے بھی اپنے وسائل استعمال کرنا ہوں گے۔
واضح رہے کہ ممبئی انڈینز سے کھیلنے والے کرس لین نے کرکٹ آسٹریلیا سے درخواست کی تھی کہ آئی پی ایل کے اختتام پر کھلاڑیوں کی وطن واپسی کے انتظامات کیے جائیں۔
دوسری جانب بھارت میں کورونا کی خطرناک صورتحال کے پیشِ نظر تین آسٹریلوی کھلاڑی اینڈریو ٹائی، کین رچرڈسن اور ایڈم زیمپا آئی پی ایل سے دستبردار ہوگئے، جبکہ اسٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور پیٹ کمنز سمیت 14 آسٹریلوی اب بھی لیگ میں شامل ہیں۔
Comments are closed.