بعض اوقات جلد بازی اور عدم احتیاط ناگہانی صورتحال سے دوچار کردیتی ہے ایسا ہی کچھ ایک نوجوان کینیڈین خاتون کے ساتھ ہوا۔
تفصیلات کے مطابق کینیڈا کے علاقے سڈبری کی 24 سالہ رینی لاریویری اپنے اپارٹمنٹ سے ایک مقامی فاسٹ فوڈ شاپ پر جانے کے لیے نکلیں لیکن گاڑی کی چابی بھول جانے پر اس نے اپنی دوست سے کہا کہ گاڑی کی چابی اوپر سے اچھال کر اسے دے۔
دوست نے جب چابی اس کی جانب پھینکی تو وہ اسے کیچ کرنے میں ناکام رہی اور چابی ہاتھ میں آنے کے بجائے اس کے چہرے پر جالگی اور اس کا دھاتی حصہ چہرے کے اندر جاکر پیوست ہوگیا۔
یہ منظر دیکھ کر اس کی دوست بری طرح سے گھبرا گئی اور فوری طور پر ایمبولینس طلب کرکے اسے اسپتال پہنچایا گیا۔
جہاں ڈاکٹروں نے جب اس کا سی ٹی اسکین کرایا تو معلوم ہوا کہ چابی نے اس کی آنکھ کے نیچے ناک کے اندرونی نتھنے کی ہڈی کے ڈیڑھ انچ اندر تک جاکر پیوست ہوگئی ہے۔
اس کی یہ کیفیت دیکھ کر ڈاکٹرز بھی کافی حیران ہوئے اور بعض ڈاکٹروں نے اس کی ویڈیو اور تصاویر بھی بنائیں تاکہ میڈیکل طلبہ کو اس حوالے سے آگاہ کیا جاسکے۔
بعدازاں چابی کو پلاسٹک سرجن نے طبی پروسیجر کرکے نکالا اور اب وہ مکمل طور پر صحتیاب ہوگئی ہے۔
Comments are closed.