بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

انگلینڈ کیخلاف چھٹا میچ کیوں ہارے، کپتان بابر اعظم نے وجہ بتادی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ انگلش ٹیم کے بیٹرز نے جس طرح پاور پلے کا استعمال کیا وہ میچ کا ٹرننگ پوائنٹ بنا۔

انگلینڈ کے خلاف چھٹے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست سے متعلق انہوں نے کہا کہ اندازہ یہی تھا کہ اچھا اسکور بنایا ہے، دس سے پندرہ رنز مزید بن سکتے تھے۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ انگلینڈ کے اوپنرز فل سالٹ اور ایلکس کو کریڈٹ دینا چاہئے، دونوں نے آغاز اچھا فراہم کیا جس سے مومنٹم ان کی طرف چلا گیا۔

بابر اعظم نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کو ذمے داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ یہاں اوس پڑتی ہے، گیند تھوڑا گیلا رہتا ہے جس کے باعث فاسٹ بولرز اور اسپنرز کے لئے مشکل ہو جاتا ہے۔ سیکنڈ ٹائم جب بیٹنگ کر رہے ہوں تو اوس کی وجہ سے آپ کو شاٹس کے لئے بال اچھا آتا ہے۔

بابر اعظم نے کہا کہ اس طرح کی صورتحال سامنے آتی رہیں گی اور آپ نے ان کا سامنا کرنا ہے، ہم اس سے قبل اچھے انداز میں میچز جیتے ہیں ہمیں اپنی ٹیم کو اعتماد دینا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پچھلی کامیابیوں سے جو اعتماد ملا ہے اس میں فرق نہیں آنا چاہئے، ہم نے جو غلطیاں کی ہیں ان پر بات کریں گے تاکہ وہ اگلے میچ میں نہ ہوں۔  ہم اس پر بھی بات کریں گے کہ ایسی صورتحال میں کیا مختلف کریں جو میچ ہمارے ہاتھ میں آئے۔

بابر اعظم نے مزید کہا کہ بولنگ میں آپ جتنے رنز روکیں گے اور ڈاٹ بالز کرائیں گے اتنا آپ کے لیے اچھا رہتا ہے۔

پاکستان ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا کریڈٹ دینا ہو گا۔

واضح رہے کہ چھٹے ٹی 20 میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے باآسانی شکست دے کر 7 میچوں کی سیریز 3-3 سے برابر کردی ہے۔

پاک انگلینڈ سیریز کا ساتواں اور آخری میچ اتوار کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.