جمعرات 18؍ذیقعد 1444ھ8؍جون 2023ء

انصاف کا جھنڈا میرے ہاتھ میں ہے، شاہ محمود قریشی

وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ انصاف کا جھنڈا آج بھی میرے ہاتھ میں ہے۔

راولپنڈی میں اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں سے کہتاہوں انصاف کا جھنڈا آج بھی میرے ہاتھ میں ہے۔

وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) شاہ محمود قریشی کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا ہے۔

انہوں نے اس دوران کل چیئرمین تحریک انصاف سے ملاقات کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ میں پی ٹی آئی کا حصہ ہوں،کل پارٹی چیئرمین سے ملاقات کروں گا۔

وائس چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ قیدتنہائی میں ایک ماہ گزرا، سوچنے کا موقع ملا، دوبارہ گرفتاری کا میری نظر میں کوئی جواز نہیں تھا۔

اُن کا کہنا تھاکہ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کےکہنےپرتھری ایم پی اوکےتحت دوبارہ گرفتار کیاگیا، پوچھتا ہوں میں تو قید میں تنہائی میں تھا، میں کس کو ہدایت یا اکسا سکتا تھا؟

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی دوست فرح گوگی عرف فرحت شہزادی اور احسن جمیل گجر کے نام پر 117 اکاؤنٹس کا انکشاف ہوا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ ایم پی او کے تحت میری دوبارہ گرفتاری ہوئی، جسے چیلنج کیا، پراسیکیوشن ٹھوس ثبوت نہ پیش کرسکا، جس پر مجھے رہائی ملی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکنوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ آزمائش کا وقت ہے، کارکن ہمت نہ ہاریں، حوصلے میں رہیں، غروب کے بعد طلوع بھی ہوتا ہے۔

وائس چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جیلوں میں تاحال کئی بے گناہ کارکنان موجود ہیں، جنہیں رہا ہونا چاہیے، ان کے کیسز کو فالو کریں گے۔

اُن کاکہنا تھاکہ میں قید تنہائی سے رہائی کے بعد اپنے اہلخانہ ، بیوی ، بچوں ،بہنوں اور خاندان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میری گرفتاری سے پہلے اہلیہ کا آپریشن ہوا،میں نے بتایا کہ اسلام آباد جانا ہے، اہلیہ نے مجھ سے کہا آپ اللّٰہ کے حوالے ہیں، آپ اسلام آباد جائیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس موقع پر میرے اہل خانہ نے مجھ سے کہا کہ ہماری وجہ سے ہر گز دباؤ میں نہیں آنا،میری قید میں میرے بچوں نے میرا بہت ساتھ دیا۔

وائس چیئرمین پی ٹی آئی نے میڈیا کے سوال کا جواب دینے سے گریز کیا اور کہا کہ کل پی ٹی آئی چیئرمین سے ملاقات کے بعد میڈیا سے مفصل بات کروں گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.