مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ کسی بھی انتخابی اصلاحات کی ضرورت نہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ الیکٹرونک ووٹنگ مشین بنانا حکومت اور پارلیمان کا کام نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو آئین کے مطابق چلائیں، اصلاحات کی ضرورت نہیں، الیکٹرونک نظام بنانا الیکشن کمیشن کا اختیار ہے، حکومت کے سرکس کھلاڑیوں کا نہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین مسائل کا حل نہیں، اس مشین سے مزید مسائل پیدا ہوں گے، شہباز شریف نےنہ پی ڈی ایم بنائی، نہ انہوں نے اسے توڑا ہے، پی ڈی ایم بیانیہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں پولیس فریق بن چکی ہے، اس لیے کہا تھا کہ فوج انتخابی عمل کی نگرانی کرے۔
مسلم لیگ نون کے رہنما نے کہا کہ آج ملک میں بجلی 200 فیصد مہنگی ہو چکی ہے، ملک میں احتساب تو عوام کا ہو رہا ہے۔
سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ یک طرفہ احتساب جاری ہے، کیمرے لگا کر عوام کو دکھائیں، نیب کی وجہ سے نظام ختم ہو چکا ہے، حقائق پتہ نہیں کیوں عوام سے چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خدا کے لیے ویکسین خرید لیں، ملک میں کورونا وائرس پھیل رہا ہے، اس کی وجہ سے اموات میں اضافہ ہوا ہے، اب لاک ڈاؤن کا خدشہ ہے۔
شاہد خاقان عباسی کا یہ بھی کہنا ہے کہ دنیا کا واحد ملک ہے جس کی 23 کروڑ کی آبادی ہےاور ایک ویکسین بھی خرید نہیں سکا، جبکہ این سی او سی کی میٹنگ میں ہر کسی نے دو دو ماسک پہنے ہوتے ہیں۔
Comments are closed.