ژوب: امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے قافلے میں دھماکا ہوا ہے۔
جماعت اسلامی کے مطابق سراج الحق پر بلوچستان میں خودکش حملہ ہوا ہے اور حملہ آور مارا گیا۔ دھاکے میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور دیگر رہنما محفوظ رہے جب کہ 6 افراد زخمی ہوگئے۔
ژوب میں ریلی کے دوران امیر جماعت اسلامی سراج الحق پر خودکش حملہ کی ویڈیو۔ pic.twitter.com/NU2z0oJ74P
— Rab Nawaz Baloch (@RabNBaloch) May 19, 2023
جماعت اسلامی کے مطابق امیر جماعت کو قافلے کی صورت میں لے جایا جا رہا تھا کہ خودکش حملہ آور نے اس دوران دھماکہ کیا۔ سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور مشتبہ افراد کی گرفتاری کےلیے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق آج جماعت اسلامی کا ژوب میں جلسہ تھا، انتظامیہ کی جانب سے جلسے سے قبل کوئی الرٹ جاری نہیں کیا گیا تھا، تمام حالات نارمل تھے جلسے کے انتظامات بھی مکمل تھے۔
اسسٹنٹ کمشنر ژوب حافظ طارق کا کہنا ہے کہ دھماکے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے، امیر جماعت اسلامی سراج الحق دھماکے میں محفوظ رہے، حملے میں معمولی نوعیت کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
دھماکے کی ایک ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی گاڑی کے قریب کارکنوں کی بڑی تعداد جمع ہے، اس دوران زور دار دھماکا ہوا ہے اور لوگ خوفزدہ ہوکر بھاگتے ہوئے نظر آتے ہیں۔
واضح رہے کہ سراج الحق کا تعلق دیر سے ہے، وہ کئی سال سے امیر جماعت اسلامی اور سینیٹر ہیں۔ سراج الحق خیبرپختونخوا کے صوبائی وزیر بھی رہ چکے ہیں۔
Comments are closed.