کاکول: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے،امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سرحدیں مضبوط ہاتھوں میں ہیں۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول میں 146 ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت میرے لیے بہت اعزاز کی بات ہے اور میں اس موقع پر گریجویٹ ہونے والے تمام کیڈٹس اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
آرمی چیف نےکہا کہ میں برادر ممالک کے کیڈٹس کو بھی پاکستان ملٹری اکیڈمی میں ملٹری ٹریننگ کی تکمیل پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اس شاندار ادارے سے گریجویٹ ہونا بہت اعزاز اور فخر کی بات ہے۔آج میں یہ فخر آپ کے روشن و تابندہ چہروں پر دیکھ سکتا ہوں، جیسے کہ یہ چمک میں یہاں بیٹھے آپ کے پیاروں کے چہروں پر بھی دیکھ سکتا ہوں۔بے مثال محنت کرنے پر آپ اس کے مستحق ہیں جبکہ اہل خانہ بھی، جنہوں نے ٹریننگ کے دوران صبر سے کام لیتے ہوئے آپ کی مسلسل حمایت جاری رکھی۔
سپہ سالار نے کہا کہ پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو فخر ہونا چاہیے کہ آپ اس عظیم فوج کا حصہ بننے جا رہے ہیں۔ اس ادارے سے پاس آؤٹ ہونا بڑے فخر کی بات ہے، جس کی روایتی اور غیر روایتی دونوں ہی میدانوں میں کامیاب مہمات کی ایک طویل فہرست ہے۔ 146ویں لانگ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کامعائنہ کرنا باعث فخرہے۔آرمی چیف نے کہا کہ ہ فوج نے پاکستان کو دہشت گردی سے نجات دلانے کے لیے بہت بڑی قربانیاں دی ہیں۔ پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو بھی ملکی سالمیت کے لیے قربانیاں دینا ہوں گی۔
پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بہترین فوج کا حصہ بننے کے لیے کارکردگی پرتوجہ دینی ہوتی ہے ۔ پاکستان آرمی نے پچھلی 2 دہائیوں میں دہشت گردی کی لعنت کے سیلاب کا رخ کامیابی سے موڑ دیا اور اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ منظم دہشت گردی کو پاکستان سے ہمیشہ کے لیے جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور ہمسائیوں سے اچھے تعلقات چاہتا ہے ۔ہمسایوں کے ساتھ تمام مسائل پرامن طور پر حل کرنے کے خواہاں ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ کسی بھی فیک نیوز اور پروپیگنڈے پر توجہ نہ دیں۔ ملک کی سرحدیں مضبوط ہاتھوں میں ہے ۔ جمہوری اداروں کا احترم کریں، ہم سب کو مل کر وطن عزیز کو غربت اور دیگر چیلنجز سے نکالنا ہوگا۔ ہم سب کو ملکر معیشت کی بحالی کے لیے کام کرنا ہوگا۔ خطے کو دوطرفہ مسائل بات چیت سے حل کرنے پر زوردینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پیغام واضح ہے کہ پاک فوج کسی ملک، گروپ یاجتھے کو پاکستان کو غیر مستحکم کرنے نہیں دے گی۔قبل ازیں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول ایبٹ آباد میں 146 ویں لانگ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا اہتمام کیا گیا، جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
Comments are closed.