ہفتہ 29؍شوال المکرم 1444ھ20؍مئی 2023ء

امریکی شہری کی دادی کو قتل کرنے کے بعد ملازمہ کو خون صاف کرنے کی ہدایت

امریکی شہر ی نے مبینہ طور پر ہتھوڑے سے کئی وار کر کے اپنی دادی کو بے دردی سے قتل کردیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق ریاست فلوریڈا میں 34 سالہ اینتھونی مائیکل نامی شہری نے گھر میں اپنی 82 سالہ دادی کو ہتھوڑے مار کر قتل کردیا اور اس کے بعد اس نے گھر میں کام کرنے والی ملازمہ کو فون کر کے بلایا۔

رپورٹس کے مطابق گھر پہنچنے پر ملازمہ نے دیکھا کہ اینتھونی کے جسم اور کپڑوں پر خون لگا ہوا ہے جس کے بعد اس نے ملازمہ سے گھر کی صفائی کرنے کا کہا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق ملزم نے ملازمہ کو کمرے میں جا کر صفائی کرنے کا کہا جہاں دادی کی لاش پلاسٹک میں لپٹی ہوئی تھی، ملازمہ پلاسٹک ہٹانے لگی تو ملزم نے اسے یہ کہہ کر روک دیا کہ ایسا نہیں کرو ورنہ خون گھر میں پھیل جائے گا۔

رپورٹس کے مطابق ملزم نے ملازمہ سے لاش گھر سے باہر لے جانے اور سیکیورٹی کیمروں کو بند کرنے کا بھی کہا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق ملازمہ نے کہا کہ اسے صفائی کرنے کے لیے چیزیں گاڑی سے لانا ہوں گی جس پر ملزم نے اسے اجازت دی جس کے بعد ملازمہ وہاں سے بھاگ کر پولیس کے پاس پہنچ گئی اور سارا واقعہ بیان کردیا۔

رپورٹس کے مطابق کچھ ہی دیر بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو گرفتار کرلیا جبکہ قتل کی وجہ فی الحال نہیں بتائی گئی ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق پولیس نے گھر سے واردات میں استعمال ہونے والا ہتھوڑا بھی برآمد کرلیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.