اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ امریکا کے ساتھ شامل ہونے کے بعد پاکستان میں دہشت گردی کی لہر آئی، افغانستان میں امریکا کا امن میں پارٹنر بننے کے لیے تیار ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کا امریکی اخبار میں مضمون شائع ہوا ہے جس میں وزیراعظم نے ایک بار پھر امریکا کو اڈے فراہم کرنے سے انکار کردیا ہے۔ وزیراعظم نے اپنے مضمون میں لکھا کہ امریکی انخلا کے بعد ہم کسی بھی تنازع میں پڑنے سے گریز کریں گے، پاکستان نے افغانستان میں جنگ کے دوران بہت نقصان اٹھایا، امریکا نے پاکستان کو 20 ارب ڈالر امداد فراہم کی، پاکستان کی معیشت کو 150ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔
وزیراعظم نے لکھا کہ بےامنی کے باعث پاکستان میں سرمایہ کاری رُک گئی تھی، امریکا کے ساتھ شامل ہونے کے بعد پاکستان میں دہشت گردی کی لہر آئی، ڈرون حملوں کے بعد عوام میں امریکا کے خلاف نفرت پیدا ہوئی، ڈرون حملوں کے بعد دہشت گرد گروپ ابھرے۔
عمران خان نے امریکی اخبار میں مزید لکھا کہ پاکستان میں پہلے ہی 30 لاکھ افغان پناہ گزین ہیں، افغانستان میں خانہ جنگی بڑھی تو پاکستان میں مزید پناہ گزین آئیں گے، افغان عوام کی حمایت سے بننے والی ہر حکومت کے ساتھ چلیں گے، تاریخ گواہ ہے افغانستان کو باہر سے کنٹرول نہیں کیا جاسکتا۔
Comments are closed.