ہفتہ16؍ربیع الثانی 1444ھ12؍نومبر 2022ء

امریکا: بھارتی شہری پر 80 لاکھ ڈالر کی جعلسازی کے الزام میں فرد جرم

امریکا میں کورونا وائرس ریلیف پروگرام میں 80 لاکھ ڈالر کی جعلسازی کے الزام میں بھارتی شہری پر فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔

ابھیشک کرشنن پر نیو جرسی کی عدالت نے پےچیک پروٹیکشن پروگرام کے تحت جعلسازی کرکے لاکھوں ڈالر ہتھیانے کے الزام میں فرد جرم عائد کی ہے۔

کرشنن پر وائر فراڈ کے دو، منی لانڈرنگ کے دو اور شناخت چرانے کے دو الزامات ہیں، الزام ثابت ہونے پر اسے 20 سال تک کی سزا ہوسکتی ہے۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق بھارت واپس آنے کے بعد ملزم نے پے پروٹیکشن پروگرام کے تحت متعدد جعلی درخواستیں امریکی بینکوں کو جمع کروائیں۔

یہ درخواستیں جن کمپنیز کے نام سے بھیجی گئیں وہ رجسٹرڈ نہیں تھیں، قرضہ حاصل کرنے کی جعلی درخواستوں میں کمپنی ملازمین، ان کی تنخواہوں اور ٹیکس جمع کروانے کی دستاویزات جعلی تھیں۔

فراڈ اسکیم کے تحت بھارتی شہری نے دوسرے شخص کا نام بغیر اجازت استعمال کرتے ہوئے 82 لاکھ ڈالر قرضہ حاصل کرنے کی 17 درخواستیں جمع کروائیں اور 33 لاکھ ڈالر سے زائد قرض حاصل کیا۔

خیال رہے کہ امریکی حکومت نے کورونا وائرس کے دوران پے پروٹیکشن پروگرام کا آغاز کیا تھا جس کے تحت لاک ڈاؤن سے متاثر ہونے والے کاروباروں کو قرضہ فراہم کیا گیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.