برطانوی خاندان سے علیحدگی اختیار کرنے والے شہزادہ ہیری آج کل ڈاکٹر گیبور میٹ کے ساتھ آن لائن تھراپی سیشن کے دوران کیے گئے اپنے تبصروں کی وجہ سے میڈیا کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، شہزادہ ہیری کو آن لائن تھراپی سیشن میں منشیات لینے کے حوالے سے بیان دینے پر اپنے امریکی ویزے سے ہاتھ دھونے پڑسکتے ہیں۔
اس آن لائن تھراپی سیشن کے بعد سے انسداد منشیات کی مہم چلانے والے شہزادہ ہیری پر شدید تنقید کررہے ہیں اور اُنہیں نوجوانوں کو منشیات کے استعمال کا تشویشناک پیغام بھیجنے کا ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں۔
اس حوالے سے برطانوی صحافی پیئرز مورگن نے شہزادہ ہیری پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ انسداد منشیات کی مہم ہوتی تو یقیناََ یہ پرانے والے شہزادہ ہیری ہیں جنہیں ہم سب جانتے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ امریکا میں بیرون ممالک سے آنے والے لوگوں کے منشیات کے استعمال پر سخت روّیہ اختیار کیا جاتا ہے اور اسی وجہ سے ہم ہیری کو برطانوی بادشاہ چارلس سوم کی تاجپوشی کی تقریب میں بھی نہیں دیکھنا چاہتے کیونکہ اس طرح ہمیں بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔
اُنہوں نےمزید کہا کہ شہزادہ ہیری نے پہلے اپنی کتاب میں شاہی خاندان کو برا بھلا کہا لیکن اُنہیں لگا کہ شاید ابھی ان کی بات ساری دنیا تک نہیں پہنچی ہے تو اس لیے پھر اُنہوں نے آن لائن تھراپی سیشن کے دوران یہ ثابت کرنے کی کوشش کی کہ وہ دنیا کے سب سے مظلوم انسان ہیں۔
پیئرز مورگن نے نشاندہی کی کہ امریکی امیگریشن حکام بیرون ملک سے آکر امریکا میں رہائش پذیر شہریوں کے منشیات کے استعمال پر سخت روّیہ اختیار کرتے ہیں، اس لیے ممکن ہے کہ وہ شہزادہ ہیری کو امریکا سے ملک بدر کردیں یا ان کا ویزا بھی منسوخ ہو سکتا ہے۔
یاد رہے کہ امریکا کا ویزا حاصل کرنے کی درخواست دینے والے لوگوں کی درخواستوں کو خرابیٔ صحت یا مجرمانہ سرگرمیوں کی بنیاد پر بھی منسوخ کردیا جاتا ہے۔
Comments are closed.