الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو پنجاب، سندھ، بلوچستان اور اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کےلیے فنڈز کی فراہمی میں مسائل کا سامنا ہے۔
اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں بلدیاتی اور عام انتخابات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
ای سی پی کے اعلامیے کے مطابق اجلاس میں ممبران، سیکریٹری اور الیکشن کمیشن کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب، بلوچستان، سندھ اور اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کےلیے فنڈز فراہمی میں مسائل کا سامنا ہے۔
اعلامیے کے مطابق بریفنگ میں کہا گیا کہ عام انتخابات کے لیے بھی مطلوبہ فنڈز کی فراہمی کے لئے مسلسل مشکلات کا سامنا ہے، الیکشن کمیشن کی آئینی و قانونی ذمہ داری میں مشکلات پیدا کی جارہی ہیں۔
اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن نے فنڈز کی فراہمی کے معاملے سے متعلق رجسٹرار سپریم کورٹ کو آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
ای سی پی اعلامیے کے مطابق بلدیاتی انتخابات جو پہلے ہی تاخیر کا شکار ہوچکے ہیں اب مزید تاخیرکا خدشہ ہے۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں سیکریٹری الیکشن کمیشن کو وفاقی سیکریٹری خزانہ اور متعلقہ چیف سیکریٹریز سے بھی بات کرنے کی ہدایت کی گئی۔
ای سی پی اعلامیے کے مطابق سپریم کورٹ کے بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے احکامات کی بھی مکمل خلاف ورزی ہے۔
Comments are closed.