بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

الیکشن کمیشن سندھ حکومت کی بلدیاتی انتخابات دو مرحلوں میں کروانے کی سازش کا نوٹس لے،حافظ نعیم

کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت بلدیاتی انتخابات کو یرغمال بنانے کے لیے دو مرحلوں میں منعقد کرانے اور اس سازش سے من پسند نتائج حاصل کرنا چاہتی ہے جو کہ کسی صورت قابل قبول نہیں ہے ،چیف الیکشن کمشنر سندھ حکومت کی ان حرکتوں کاسخت نوٹس لیں اور بلدیاتی انتخابات کو ایک ہی مرحلے میں 23اکتوبر کو ہی کروانے کو یقینی بنائیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی کی ترقی جماعت اسلامی کے ساتھ وابستہ ہے ، ماضی میں جماعت اسلامی نے شہر کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا اور مثالی وریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ، کیوں کہ اس کے پاس اہلیت اور دیانت دونوں موجود ہیں جب کہ دیگرپارٹیوں نے کرپشن اور نااہلی سے کراچی کو تباہ و برباد کیا۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کادور کرپشن سے پاک دور تھااوراس دور میں شہر میں کالجز،اسپتال ،پارک بنائے اسٹریٹ لائٹ لگائی گئیں ،نچلی سطح پر عوام سے رابطے کر کے مسائل حل کروائے ،جماعت اسلامی کی کامیابی کے بعد کراچی ایک بار پھر سے روشنیوں کا شہر بنے گااور عوام کے مسائل ضرور حل ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے شہری 23اکتوبر کو بلدیاتی انتخابات میں گھروں سے نکل کر جماعت اسلامی کے انتخابی نشان ترازو پر مہر لگائیں۔دریں اثناء لیاقت آباد میں یونین کونسلز کے دورے کا اغاز جھنڈا چوک سے ہوا اور اختتام محمدی چوک پر ہوا ۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو کراچی کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ، اور سندھ حکومت سے کراچی کا حق حاصل کرسکتی ہے ، وہ جماعتیں عوام کے حقوق حاصل نہیں کرسکتیں جن کے اپنے ذاتی اور پارٹی مفاد ہوں ،شہرمیں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں بڑھتی جارہی ہیں اس کی سب سے بڑی وجہ حکمرانوں کی نااہلی اور لوٹ مار ہے۔

You might also like

Comments are closed.