جمعہ9؍ شوال المکرم 1442ھ21؍مئی 2021ء

الیکشن میں حلیم عادل جہاں جہاں گئے وہاں فسادات ہی ہوئے، سعید غنی

سندھ کے صوبائی وزیر اور پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی کا کہنا ہے کہ الیکشن میں حلیم عادل شیخ جہاں جہاں گئے وہاں فسادات ہی ہوئے، پولنگ اسٹیشنز جانے پر حلیم عادل کے خلاف ایکشن الیکشن کمیشن نے لیا ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے سندھ کے صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ کوئی شخص جو خلاف قانون کام کرے اس کےخلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حلیم عادل شیخ کے خلاف کراچی کے تھانے میں انسدادِ دہشت گردی اور کارِ سرکار میں مداخلت کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ تحریک انصاف کو ضمنی انتخابات میں شرمناک شکست ہوئی ہے، ہمارے امیدوار تحریک انصاف کے امیدواروں سے بہتر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حرکتوں کی وجہ سے ان کے لوگ بھی ہمیں ووٹ دیں گے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی کا کہنا ہے کہ حلیم عادل شیخ ایک فتنہ ہے، الیکشن کمیشن کو ان کے خلاف مقدمہ کرانا چاہیے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں سعید غنی نے کہا تھا کہ حلیم عادل شیخ ایک فتنہ ہے، الیکشن کمیشن کو ان کے خلاف مقدمہ کرانا چاہیے، وہ پولنگ کے عمل میں مداخلت کرتے رہے، انہوں نے خلاف قانون کام کیا، اس لیےانہیں گرفتار کیا گیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.