سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ مشکلات کے باوجود الہان عمر کا اسلاموفوبیا کے خلاف علم اٹھانا قابلِ تحسین ہے۔
پاکستان کے دورے پر آئی امریکی رکن کانگریس الہان عمر کا کہنا ہے کہ ایک عرصے سے عمران خان سے ملاقات کی خواہاں تھی۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے پاکستان کے دورے پر آئی امریکی رکن کانگریس الہان عمر نے ان کی رہائش گاہ بنی گالہ میں ملاقات کی، ملاقات میں بھارت میں ہندوتوا نظریے اور مسلمانوں پر اس کے تباہ کن اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
الہان عمر نے کہا کہ اسلاموفوبیا کے تدارک کے لیے مسودۂ قانون امریکی پارلیمان میں لایا جارہا ہے، دنیا بھر سے مسلمانوں کے خلاف بغض و تعصب کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
عمران خان نے کہا کہ مشکلات کے باوجود الہان عمر کا اسلاموفوبیا کے خلاف علم اٹھانا قابلِ تحسین ہے، نائن الیون کے بعد اسلام اور اہلِ اسلام کے خلاف بدترین انتقامی مہم کا نشانہ بنایا گیا۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ شدت پسندی اور دہشت گردی کو اسلام اور شعائرِ اسلام سے جوڑا گیا، ہندوستان میں نفرت کا رخ مسلمانوں کی جانب موڑا جارہا ہے۔
یاد رہے کہ امریکی رکن کانگریس الہان عبداللہ عمر بدھ کو اسلام آباد پہنچیں، پاکستان میں قیام کے دوران وہ آزاد کشمیر کا بھی دورہ کریں گی۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر دفتر خارجہ کے ڈی جی امریکا محمد مدثر ٹیپو نے ڈیموکریٹ کانگریس ویمن الہان عمر کا استقبال کیا۔
الہان عبداللہ کا تعلق ڈیوکریٹک پارٹی سے ہے وہ ریاست منی سوٹا سے رکن کانگریس ہیں اور کانگریس کی دو مسلمان ارکان میں سے ایک ہیں۔ وہ 2018 میں رکن کانگریس منتخب ہوئی تھیں۔
Comments are closed.