بدھ 19؍شوال المکرم 1444ھ10؍مئی 2023ء

القادر ٹرسٹ کیس:عمران خان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد:نیب نے القادر ٹرسٹ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کر دی جس پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔

  اسلام آباد نیوگیسٹ ہاؤس پولیس لائن میں عمران خان کے خلاف القادر ٹرسٹ کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی جس سلسلے میں چیئرمین پی ٹی آئی وکلا میں علی بخاری، خواجہ حارث اور بیرسٹر گوہر عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران نیب پراسکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ نیب کو مزید تفتیش درکار ہے جس کے لیے عمران خان کا 14 روز کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کی استدعا کے بعد سماعت میں وقفہ کردیا جس پر عمران خان نے عدالت سے کہا کہ وہ اپنے وکلا سےمشاورت کرنا چاہتے ہیں۔اس پر عمران خان نے کہا کہ مجھے نیب آفس پہنچنے کے بعد وارنٹ دیے گئے، ڈپٹی پراسیکیوٹر نے عدالت میں کہا کہ تمام ضروری کاغذات عمران خان کے وکلا کو فراہم کردئیے جائیں گے۔

دوران سماعت خواجہ حارث نے کہا کہ جس طرح عمران خان کو گرفتار کیا گیا قانونی طور پر گرفتاری غلط ہے، اس پر ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب نے کہا کہ ہم یہاں کرپشن کا معاملہ بیان کررہے ہیں، رقم برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے پکڑی تھی، این سی اے نے وہ رقم حکومت پاکستان کو واپس بھیجی، لوٹی گئی رقم بدنیتی سے بزنس ٹائیکون کے ساتھ ایڈجسٹ کردی گئی۔

سماعت کے دوران عمران خان نے عدالت میں کہا کہ کونسا ریکارڈ ان کو چاہیے جو میں نہیں مان رہا، نیب کہہ رہا ہیں کہ ہم نے ریکارڈ اکٹھا کرنا ہے، جو بھی پیسے آئے تھے کابینہ کی منظوری سے آئے تھے، اس میں ہمارے پاس دو آپشن ہوتے ہیں، یا تو ہم مان جائیں تو پیسہ آجائے گا، دوسرا ہمیں قانونی چارہ جوئی کرنا ہوتی ہے تو ہم ہرکیس ہارجاتے ہیں، ہم قانونی چارہ جوئی پر آج تک 100 ملین روپے لگاچکے ہیں۔

You might also like

Comments are closed.