آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ افواج پاکستان اور عوام ایک ہیں، ہمارے قومی جذبے کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج ملکی سلامتی اور ترقی کے مقصد میں اپنا کردار ادا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں پاکستانی عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل وابستگی پر فخر ہے۔ افواجِ پاکستان اور عوام ایک ہیں، پاکستان کے جذبے کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔
آئی ایس پی آر نے بیان میں کہا کہ ایک مشکل لیکن اہم سال اختتام پذیر ہوگیا، پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے پاکستان کے قابل فخر عوام کو نیا سال مبارک ہو۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے مزید کہا کہ سال 2024 پاکستان کے لیے اندرونی اور بیرونی لحاظ سے بہت اہمیت کا حامل ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج مادر وطن کی خدمت کے جذبہ حب الوطنی کو تقویت دیتی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ سرزمین بےپناہ نعمتوں اور بےشمار مواقع کی حامل ہے۔ انشاءاللّٰہ آنے والی نسلوں کا روشن مستقبل ہمارا منتظر ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر ہم فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
Comments are closed.