پیر14؍ربیع الثانی 1445ھ30؍اکتوبر 2023ء

افغان پناہ گزینوں کی برطانیہ میں آبادکاری کیلئے اسلام آباد سے خصوصی پروازیں

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے افغان پناہ گزینوں کی برطانیہ میں آبادکاری کےلیے خصوصی پروازیں چلانے سے متعلق برطانوی ہائی کمیشن کے وفد اور سی اے اے حکام کی ملاقات ہوئی۔  

ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کا کہنا ہے کہ برطانوی ہائی کمیشن کے خصوصی وفد نے پروازوں کے حوالے سے سی اے اے کے سینئر حکام سے ملاقات کی۔ 

ترجمان نے بتایا کہ برطانوی ہائی کمیشن کے وفد کی قیادت پولیٹیکل قونصلر ذوئی وئیر نے کی جبکہ سی اے اے سینئر حکام کی قیادت ڈائریکٹر سیکیورٹی ایئر کموڈور (ر) شاہد قادر نے کی۔

سی اے اے حکام میں سی او او ایئرپورٹ منیجر اور ان کی سیکیورٹی ٹیم بھی شامل تھی۔ 

ترجمان کا کہنا تھا کہ ملاقات میں افغان پناہ گزینوں کی برطانیہ منتقلی کےلیے پروازوں کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

ڈائریکٹر سیکیورٹی سول ایوی ایشن نے ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن کا خصوصی پیغام برطانوی ہائی کمیشن وفد کو پہنچایا۔

ترجمان کے مطابق ملاقات میں اے این ایف، ایف آئی اے، کسٹمز، اے ایس ایف اور پی آئی اے کے نمائندے بھی موجود تھے۔

برطانوی وفد کے سربراہ ذوئی وئیر کا کہنا تھا کہ افغان پناہ گزینوں کی برطانیہ منتقلی کےلیے خصوصی پروازوں کے حوالے سے تعاون فراہم کرنے پر سی اے اے کے شکرگزار ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.