پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور وکیل بابر اعوان اپنی پارٹی کے رہنما اعظم سواتی کو عدالت میں پیش نہ کرنے پر روسٹرم پر آگئے۔
وکیل بابر اعوان نے کہا کہ ابھی تک ایف آئی اے نے اعظم سواتی کو پیش نہیں کیا، گزشتہ سماعت پر عدالت نے میڈیکل کرانے کا حکم دیا تھا۔
اعظم سواتی کے وکیل نے کہا کہ مقدمے میں لگی دفعات سے متعلق عدالت کو آگاہ کروں گا۔
جج نے بابر اعوان سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی بھی ابھی تک نہیں آئی شاید وہ ملزم کو اسپتال لے کر گئے ہوں۔
جج نے مزید کہا کہ آپ میرے چیمبر میں بیٹھ جائیں یا کوئی ایسوسی ایٹ کمرہ عدالت میں چھوڑ جائیں، جب بھی ملزم کو پیش کیا گیا آپ کو آگاہ کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سینیٹر اعظم سواتی کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر آج عدالت میں پیش کیا جانا ہے، ان کو سینئر سول جج محمد شبیر کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
گزشتہ سماعت پر عدالت نے ملزم اعظم سواتی کا میڈیکل کرانے کا حکم دیا تھا، ان پر ریاستی اداروں کے خلاف متنازع ٹوئٹ پر مقدمہ درج ہے۔
Comments are closed.