پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک احمد خان کا کہنا ہے کہ اعظم سواتی نے پریس کانفرنس میں غلط بیانی سے کام لیا، اعظم سواتی نے عدلیہ کی توہین کے ساتھ ہی نوٹس کا بھی مطالبہ کیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک احمد خان نے کہا کہ عمران خان کا وتیرہ ہے اتنا جھوٹ بولو کہ سچ لگنے لگے، عمران خان اپنے خلاف فیصلہ آنے پر ہمیشہ اداروں پر الزام لگاتے ہیں، عمران خان اداروں کو بدنام کرنے کی مذموم مہم چلا رہے ہیں۔
ملک احمد خان نے کہا کہ عمران خان نے مسلم لیگ (ن) کے خلاف جھوٹا بیانیہ بنانے کی کوشش کی، عمران خان نے سیاسی مخالفین پر جھوٹے مقدمات بنوائے اور مخالفین پر لگائے گئے الزامات میں سے کوئی ایک بھی ثابت نہیں کر سکے۔
رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف ٹرینڈ چلانے میں ملوث ہے، عمران خان انتشار کی سیاست کرکے ملک دشمنی کر رہے ہیں، پی ٹی آئی چیئرمین سوچی سمجھی سازش سے مخالفین کی پگڑیاں اچھالتے ہیں۔
ملک احمد خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے الزامات ثابت ہونے پر عمران خان کے خلاف فیصلہ دیا، فیصلہ اپنے خلاف آنے پر عمران خان چیف الیکشن کمشنر پر الزامات لگا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران نے معاشرے میں انتشار پھیلانے کے سوا کچھ نہیں کیا، عمران خان چاہتے ہیں ادارے غیر آئینی اقدام کریں۔
Comments are closed.