فیفا ہاؤس لاہور پر قابض اشفاق گروپ نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کا کنٹرول چھوڑنے سے انکار کردیا۔ فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے وارننگ دی تھی کہ اگر آٹھ بجے تک پاکستان فٹبال فیڈریشن کا کنٹرول فیفا کی بنائی گئی نارملائزیشن کمیٹی کو نہ دیا گیا تو پاکستان کی فیفا رکنیت معطل کی جاسکتی ہے۔
اشفاق حسین شاہ کا کہنا ہے کہ وہ سپریم کورٹ کا مینڈیٹ لے کر آئے ہیں۔ قانونی اسٹیک ہولڈر ہیں۔ نارملائزیشن کمیٹی نے اٹھارہ ماہ میں انتخابات نہیں کروائے۔ اب اس بات کا خدشہ بڑھ گیا ہے کہ فیفا پاکستان کی رکنیت معطل کردے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے کوِئی نئی بات نہیں، ہم نے پہلے بھی ایسے حالات کا سامنا کیا، اٹھارہ ماہ پہلے نارملائزیشن کمیٹی کو چارج دیا تاکہ الیکشن ہوسکیں،مگر انتخابات کی جانب ایک قدم بھی نہیں بڑھایا گیا۔
اشفاق حسین شاہ نے کہا کہ فیفا کی نارملائزیشن کمیٹی ایک کے بعد دوسری پھر تیسری بنی، ایک کمیٹی نے جو کام کیا، وہ دوسری کمیٹی نے ختم کیا، نارملاِئزیشن کمیٹی نے ایک قدم بھی الیکشن کی جانب نہیں بڑھایا۔
انہوں نے کہا کہ میں فیفا اور حکومت پاکستان کو آج بھی تعاون کا یقین دلاتا ہوں، نارملائزیشن کمیٹی میں کون افراد تھے، کہاں سے آئے، ہمیں نہیں معلوم۔
Comments are closed.