بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

اسکاٹ لینڈ کا نمیبیا کو جیت کیلئے 110 رنز کا ہدف

مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 میں سپر 12 مرحلے کے میچ میں اسکاٹ لینڈ نے نمیبیا کو جیت کے لیے 110 رنز کا ہدف دے دیا۔ 

ابوظبی میں کھیلے جارہے اس میچ میں نمیبیا نے ٹاس جیت کر اسکاٹ لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ 

نمیبیا کے بولر روبن ٹرمپل مین نے پہلے ہی اوور میں اسکاٹ لینڈ کے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے اس کی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی تھی جبکہ چوتھا نقصان 18 پر اٹھانا پڑا۔ 

ایسے میں مائیکل لیسک نے 44 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو مشکلات کے بھنور سے نکالا۔ 

انہوں نے پہلے 19 رنز بنانے والے میتھیو کراس کے ساتھ اور پھر 25 رنز بنانے والے کرس گریوس کے ساتھ پارٹنرشپس بناکر ٹیم کی سنچری مکمل کروائی۔ 

نمیبیا کی بہترین بولنگ کے باعث اسکاٹ لینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بنائے۔

خیال رہے کہ اسکاٹ لینڈ کی ٹیم نے پہلے مرحلے میں اپنے تینوں میچز میں کامیابی حاصل کی تھی جبکہ دوسرے مرحلے میں اسے پہلے ہی میچ میں افغانستان سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

دوسری جانب پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کھیلنے والی نمیبیا کی ٹیم کا یہ دوسرے مرحلے میں پہلا میچ ہے۔ 

سپر 12 کے گروپ 2 کی اب تک کی صورتحال کی بات کی جائے تو پاکستان ٹیم بھارت اور نیوزی لینڈ کے خلاف اپنے ابتدائی دونوں میچ جیت کر گروپ میں پہلی پوزیشن پر ہے۔  

واضح رہے کہ اس سے قبل گروپ 1 کا میچ کھیلا گیا تھا جس میں انگلینڈ نے بنگلادیش کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.