جمعرات 8؍ شوال المکرم 1442ھ20؍مئی 2021ء

اسپیکر پارلیمانی نظام کے نہ چلنے میں ملوث ہے، شاہد خاقان عباسی

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ اسپیکر پارلیمانی نظام کے نہ چلنے میں ملوث ہے، یہ وہ اسپیکر ہے جو اپوزیشن کو بولنے نہیں دیتا، قائد حزب اختلاف جیل میں، پارلیمانی لیڈر جیل میں، اپوزیشن بینچز خالی اور اسپیکر خاموش بیٹھا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران شاہد خاقان عباسی نے اسپیکر قومی اسمبلی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پارلیمان کے باہر ہونے والے حملے پر اسپیکر کو اسی دن اجلاس بلانا چاہیے تھا، ہم نے اسپیکر سے پروڈکشن آرڈر مانگنا چھوڑ دیے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ دو جاہل جو آپس میں خط لکھ رہے ہیں اس سے مسئلے مسائل حل نہیں ہونگے، الیکشن کا نظام موجود ہے اس میں بگاڑ دور کرنے کی ضرورت ہے، آج ملک میں الیکشن چوری کرنے کا نیا ذریعہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، جو خود متنازع الیکشن کے نتیجے میں اقتدار میں آئے وہ انتخابی اصلاحات کی بات کررہے ہیں۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ اسپیکر کو خود پارلیمانی آداب کا نہیں پتا، اسپیکر کی پارلیمانی کمیٹی میں کون جائے گا، اسپیکر کو اگر بے شرم ہو کر نوکری کرنا ہے تو کرتا رہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پی ڈی ایم ان خرابیوں کا مقابلہ کرنے آئی ہے، پی ڈی ایم اپنے نظریے پر قائم ہے، ہمیں اقتدار میں حصہ نہیں چاہیے، وزرا کو کہتا ہوں عوام کو اپنے کاموں کی تفصیل بتائیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے کل ہر فیصلہ اتفاق رائے سے کیا، پی ڈی ایم کی کامیابی یہ ہے کہ جو باتیں بند کمروں میں ہوتی تھیں وہ آج عوام کے سامنے ہو رہی ہیں، پی ڈی ایم اس وقت تک انتخابی نہیں، لیکن بن سکتا ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اختلاف رائے ہمارے ہر اجلاس میں ہوتا ہے، اتفاق بھی ہوتا ہے، کل کے اجلاس میں اتفاق رائے نہیں ہوسکا، مگر پھر بھی پی ڈی ایم متحد ہے اور ہمارا سفر جاری رہے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.