افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کے تحت تجارت اور سرحدی اضلاع میں اسمگلنگ کے خاتمے پر جائزہ اجلاس اسلام آباد میں نگراں وزیرِاعظم انوارالحق کاکڑ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اس موقع پر نگراں وزیراعظم نے کہا کہ اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے تمام ادارے بالخصوص فرنٹیئر کور، کسٹمز اور ضلعی انتظامیہ اقدامات میں تیزی لے کر آئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسمگلنگ کے گھناؤنے کاروبار سے صرف چند بااثر افراد کو فائدہ پہنچتا ہے۔ سرحدی اضلاع میں خصوصی اقتصادی زونز اور صنعتوں کے قیام سے متبادل روزگار کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
وزیرِاعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا سرحدی علاقوں میں روزگار کے مواقع مہیا کرنے اور سماجی تحفظ کیلئے لائحہ عمل بنایا جائے۔
انہوں نے کہا اسمگلنگ کی وجہ سے پوری پاکستانی قوم نقصان اٹھا رہی تھی۔ حکومت اس کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رکھے گی۔
نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ اسمگلنگ کے ذریعے چند افراد کو ملک کی معیشت کو نقصان پہنچانے نہیں دیں گے۔
Comments are closed.