پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما، سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیاں اپنی خود مختاری سرینڈر کر چکی ہیں۔
اسلام آباد سے جاری بیان میں رضا ربانی نے کہا کہ ایوان کی اندرونی کارروائی پر اب عدلیہ انہیں ہدایات دے رہی ہیں، اب خود کے سوا کسی کو قصور وار نہیں سمجھا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکمران اشرافیہ نے پہلے ہی پارلیمنٹ کو غیر فعال اور صوبائی اسمبلیوں کو ربڑ اسٹیمپ بنا دیا ہے۔
پی پی رہنما نے مزید کہا کہ سویلین سرکاری عہدیدار آئین کی دانستہ خلاف ورزی کر رہے ہیں، ہمیں ایسی نہج پر پہنچا دیا گیا جہاں ایوان کی کارروائی عدالتی لائنز پر چل رہی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں نے اپنی جو جگہ گنوائی وہ ہماری زندگیوں میں بحال نہیں ہوسکے گی، عدالتی مداخلت ایوان کی اندرونی کارروائی میں مدد نہیں کر رہی۔
میاں رضا ربانی نے یہ بھی کہا کہ سیاسی جماعتیں نقصان سے قبل اپنی آنکھوں سے پٹیاں ہٹائیں، پارلیمان اور صوبائی اسمبلیاں کہہ رہی ہیں کہ ہمیں سانس لینے دیں۔
Comments are closed.