نیویارک: روزمرہ زندگی میں ہمیں اسمارٹ فون چارج کرنے کی بار بار ضرورت پیش آتی ہے۔ اب اس ضمن میں ایک طاقتور ٹارچ بنائی گئی ہے جس کے اندر بہت طاقتور پاور بینک بھی موجود ہے۔
اس میں موجود ایک ٹارچ سے ایک ٹچ میں روشنی بڑھائی جاسکتی ہے جو بڑھتے بڑھتے ایک ہزار لیومن تک جاپہنچتی ہے۔ اس ٹارچ کو اندھیرے میں سائیکل میں نصب کیا جاسکتا ہے یا پھر دیگر امور میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس میں لگا مقناطیسی پٹہ سائیکل کے ہینڈل سے چپک جاتا ہے۔ پھر ایف 100 ٹارچ کو آسانی سے جیب میں رکھا جاسکتا ہے۔
خواتین اسے بیگ میں رکھ کر ہرجگہ لے جاسکتی ہیں، اس پر لگی ڈور سے اسے کہیں بھی لٹکایا جاسکتا ہے۔ مرد حضرات اسے اپنے بیلٹ میں اڑس سکتے ہیں یا جیب میں رکھ سکتے ہیں۔ پاوربینک کا چارجنگ نظام اسے فوری طور پر چارج کرتا ہے اور ٹارچ کو روشن کردیتا ہے۔
ٹارچ کے نچلے حصے پر یو ایس بی سی پورٹ ہے جس میں 2600 ایم اے ایچ بیٹری نصب ہے، لیکن اگر آپ اس کی استعداد بڑھانا چاہتے ہیں تو اضافی بیٹری لگائی جاسکتی ہے۔ اسے ٹیکٹک کمپنی نے تیار کیا ہے جس کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے کچھ اختراعات کو اس ایجاد کے روپ میں پیش کیا ہے۔
جہاں تک تیزرفتار چارجنگ کی بات ہے تو اس کی بیٹری نصف گھنٹے میں 50 فیصد تک بھرجاتی ہے۔ اس میں نصب مقناطیس نیوڈائمیئم معدن سے تعلق رکھتےہیں جن کی گرفت بہت سخت ہوتی ہے۔ اسی لیے الماری، کار یا سائیکل سے مضبوطی سے جڑجاتے ہیں اور جھٹکوں کے باوجود بھی ٹارچ الگ نہیں ہوتی ۔
ایف 100 ٹارچ میں تیز روشنی کے لیے سی آر ای ای ایل ای ڈی لگائی گئی ہیں جو مشترکہ طور پر 1000 لیومن کی روشنی خارج کرتی ہیں۔ روشنی کی شدت کو کم یا زیادہ کیا جاسکتا ہے۔ دوسری اہم بات ٹارچ اور پاوربینک کا واٹرپروف ہونا ہے اور ایک میٹر بلندی سے گرنے کے باوجود اس کے کسی نظام کو کوئی نقصان نہیں پہنچتا۔
Comments are closed.