پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیون کے 29ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 106 رنز کا ہدف دے دیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان آصف علی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
اننگز کے آغاز میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑگیا اور اس کے پہلے کھلاڑی محمد حریرہ دو رنز بنا کر آصف آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ جس کے بعد یونائیٹڈ کے ناصر نواز 14 اور لیام ڈاؤسن 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
52 کے اسکور پر اسلام آباد یونائیٹڈ کو اعظم خان کی صورت میں چوتھی وکٹ کا نقصان بھی اٹھانا پڑا جب وہ بڑی شاٹ لگانے کی کوشش کرتے ہوئے دھانی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے صرف 8 رنز بنائے۔
ٹیم کے کپتان آصف علی بھی کوئی متاثر کن اننگز نہ کھیل سے اور 64 کے اسکور پر آصف آفریدی کی گیند پر باؤنڈری لائن پر کیچ آؤٹ ہوگئے انہوں نے صرف 9 رنز بنائے۔
پشاور زلمی کی طرف سے عمران طاہر نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 8 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں کپتان آصف علی، ناصر نواز، محمد ہریرہ، لیام ڈاؤسن، اعظم خان، دانش عزیز، ظفر گوہر، مرچنٹ ڈی لینگ، اطہر محمود، زاہد محمود اور محمد موسیٰ شامل ہیں۔
ملتان سلطانز میں کپتان محمد رضوان، شان مسعود،عامرعظمت،رائیلی روسو ، ٹم ڈیوڈ، خوشدل شاہ، ڈیوڈ ویلی، آصف آفریدی، رومان رئیس، عمران طاہر اور شاہ نواز دہانی شامل ہیں۔
اس سے قبل ایونٹ کے 28ویں میچ میں کراچی کنگز اپنا آخری مقابلہ بھی ہار گئی، اسے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 23 رنز سے زیر کیا۔
خیال رہے کہ ملتان سلطانز، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی پہلے ہی پلے آف کے لیے کوالیفائی کرچکے ہیں۔
Comments are closed.