بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

اسلام آباد ہائی کورٹ: سماعت ویب سائٹ پر براہ راست دکھانے کا فیصلہ

پاکستان میں نئی عدالتی تاریخ رقم ہونے کو ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ کے کورٹ روم میں کیسز کی سماعت ویب سائٹ پر براہ راست دکھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، آزمائشی بنیادوں پر عدالتی کارروائی کی لائیو اسٹریمنگ کا آغاز کر دیا گیا۔

پاکستان کی عدالتی تاریخ میں پہلی بار عدالتی کارروائی براہ راست دکھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ کے آئی ٹی ڈپارٹمنٹ نے چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ کی عدالت میں سسٹم نصب کرکے آزمائشی ٹیسٹ کیا۔ ٹرائل کی کامیابی کے بعد ویب سائٹ پر کوئی بھی لائیو عدالتی کارروائی دیکھ سکے گا۔

 ابتدائی طور پر پہلے مرحلے میں صرف کورٹ روم نمبر ون کی عدالتی کارروائی کو محدود پیمانے پر براہ راست دکھانے کا بندوبست کیا گیا ہے اور تمام اسٹیک ہولڈرز سے اس بارے میں تجاویز بھی طلب کرلی گئی ہیں۔

عدالت نے لائیو اسٹریمنگ کا دائرہ کار عام افراد تک بڑھانے کا فیصلہ کیا، تاہم اس بارے میں کچھ اصول وضوابط بھی وضع کیے جائیں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.