بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

اسلام آباد میں نوجوان لڑکی و لڑکے پر تشدد کیس میں پیشرفت

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نوجوان لڑکی اور لڑکے پر تشدد کیس میں پیش رفت سامنے آئی ہے، متاثرہ لڑکے اور لڑکی نے پولیس کو بیانات ریکارڈ کروادیئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں متاثرین کے بیانات کو تفتیش کا حصہ بنادیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرین مکمل تحفظ اور قانونی امداد کی یقین دہانی پر بیانات کے لیے راضی ہوئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں متاثرین نے راولپنڈی میں وفاقی پولیس کو بیان ریکارڈ کروائے، جبکہ کیس میں ملوث مزید افراد کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں۔

واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک لڑکی اور لڑکے پر ایک شخص کے تشدد کی ویڈیو گزشتہ روز وائرل ہوئی تھی جس کے بعد پولیس نے تشدد کرنے والے مرکزی ملزم عثمان مرزا اور اس کے ساتھی فرحان کو گرفتار کر لیا تھا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ویڈیو میں با اثر شخص لڑکے اور لڑکی کو ہراساں کر رہا ہے، ان پر تشدد کر رہا ہے، مغلظات بک رہا ہے، ملزم کی اسلحے کی نمائش کرتے ہوئے پرانی ویڈیوز بھی منظرِ عام پر آ گئی ہیں۔

پولیس کی جانب سے ملزم عثمان مرزا کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب وزیرِ اعظم عمران خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اس حوالے سے آئی جی اسلام آباد کو ذمے داران کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور واقعے کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.