اسلام آباد میں 28 سالہ لڑکی کے بہیمانہ قتل کیس کے ملزم ظاہر جعفر کا برطانیہ میں کرمنل ریکارڈ نکل آیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم کا انگلینڈ میں بھی کرمنل رکارڈ موجود ہے اور وہ وہاں تین ماہ جیل کاٹ چکا ہے۔
ذرائع کے مطابق ملزم ماضی میں اپنی والدہ اور چھوٹے بھائی پر بھی تشدد کرچکا ہے۔
سیکٹر ایف سیون فور کے مکان سے آہنی کلپ، خون آلود چاقو ، پستول اور 100 سے زائد گولیاں برآمد کرلی گئیں۔
پولیس کے مطابق دورانِ تفتیش ملزم پولیس کو بھٹکانے کی کوششیں کررہا ہے، کیس سے ہٹ کر غیر ضروری باتیں کر رہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے گھر سے پستول برآمد ہوا جس میں گولی پھنسی ہوئی تھی، گولی پھسنے کی وجہ سے پستول نہیں چلا۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن کا کہنا ہے کہ لڑکی کے قتل کے ملزم ظاہر کو موقع واردات سے گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزم ظاہر جعفر کا تعلق بزنس فیملی سے ہے برطانیہ سے پڑھ کر آیا۔
ایس ایس پی نے کہا کہ جب ملزم کو گرفتار کیا اس وقت وہ نشے میں بالکل نہیں تھا، گرفتاری کے وقت ملزم مکمل ہوش و حواس میں تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم برطانیہ یا جن ملکوں میں گیا وہاں سے بھی کرمنل ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے، مقتولہ اور ملزم کے والدین، ملزم کے گھر کے 2 سیکیورٹی گارڈز کے بیانات قلم بند کرلیے گئے ہیں۔
ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ فارنزک ٹیم نے تمام شواہد موقع سے اکٹھے کرلیے ہیں، تمام شواہد، مقتولہ اور ملزم کے سیمپل ڈی این اے ٹیسٹنگ کے لیے لیب ارسال کردیئے گئے۔
Comments are closed.