منگل یکم ربیع الثانی 1445ھ 17؍اکتوبر 2023ء

اسرائیل کی غزہ پر سرپرائز حملے کی دھمکی

مقبوضہ بیت المقدس: صہیونی ریاست نے غزہ پر سرپرائز حملے کی دھمکی دی ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق اسرائیل کا کہنا ہے کہ غزہ پر اس بار روایتی نہیں، دوسری طرح سے حملہ کیا جائے گا۔  اس مرتبہ کچھ مختلف اور نیا ہوگا۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ سب کو لگتا ہے کہ غزہ پر اگلی ممکنہ کارروائی زمینی ہو سکتی ہے، تاہم یہ بھی ہو سکتا ہے کہ اس بار کچھ نیا سرپرائز حملہ ہو۔ ہم جنگ کے اگلے ایسے مرحلے کے لیے تیاریوں میں مصروف ہیں، جس کا انداز مختلف ہوگا۔

صہیونی فوجی ترجمان نے عالمی سطح پر شدید تنقید، فلسطینی علاقوں خصوصاً غزہ پر کی جانے والی دہشت گردی کو روکنے کے مطالبوں کو نظرانداز کرتے ہوئے روایتی ڈھٹائی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غزہ پر استعمال ہونے والے ہتھیار عالمی قوانین کے مطابق ہی برسائے جا رہے ہیں، کیوں کہ ابھی تک انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جنگ بندی نہیں ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ صہیونی ریاست کی جانب سے گزشتہ دنوں غزہ کے شہریوں کو علاقے خالی کرکے چلے جانے کی دھمکی دی گئی تھی، جس کے بعد مجبوراً نقل مکانی کرنے والے ایک قافلے پر اسرائیلی فوج نے بمباری کرکے بڑی تعداد میں فلسطینیوں کو خواتین و بچوں سمیت شہید کردیا تھا۔ اسرائیلی فوج ایک بار پھر غزہ پر حملہ کرنے کی تیاریوں میں مصروف ہے جب کہ اس دوران مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بم باری کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

اسرائیل کی جانب سے غزہ کی ناکا بندی کرکے وہاں رہائشیوں کے لیے خوراک، بجلی، پانی سمیت دیگر بنیادی اشیائے ضروریہ کی فراہمی بند کی جا چکی ہے جب کہ اقوام متحدہ سمیت کئی ممالک کی جانب سے غزہ کی ناکابندی ختم کرنے اور حملے روکنے کے مطالبات بھی مسلسل کیے جا رہے ہیں، تاہم حکومت کسی بھی انسانی ہمدردی سے عاری اور مطالبات کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے حملے مسلسل جاری رکھے ہوئے ہے۔

اسرائیل کے غزہ پر مسلسل حملوں میں اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد تقریباً 3 ہزار تک پہنچ چکی ہے، جن میں خواتین و بچوں کی بھی بڑی تعداد شامل ہے جب کہ زخمیوں کی تعداد بھی ہزاروں میں ہے۔

You might also like

Comments are closed.