غزہ : اسرائیلی فورسز نے شمالی غزہ کے بعد لاکھوں فلسطینیوں کو ایک بار پھر جنوبی غزہ سے نکلنے کی وارننگ دے دی، اہم جنوبی شہر خان یونس میں شمالی غزہ سے بے گھر ہونے والے دس ہزار فلسطینیوں نے پناہ لے رکھی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے جنوبی شہر خان یونس میں فلسطینیوں کو ایک تازہ انتباہ جاری کیا ہے کہ وہ مغربی علاقوں کی جانب منتقل ہو جائیں جہاں امداد فراہم کی جارہی ہے، اس سے یہ اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ غزہ کے شمالی علاقوں کو زیر کرنے کے بعد اسرائیل جنوبی غزہ میں حماس پر حملہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے معاون مارک ریجیو نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ہم لوگوں سے نقل مکانی کے لیے کہہ رہے ہیں، میں جانتا ہوں کہ یہ ان میں سے بہت سے لوگوں کے لیے آسان نہیں ہے لیکن ہم جھڑپوں کے دوران عام شہریوں کو وہاں پھنسے ہوئے نہیں دیکھنا چاہتے۔
اسرائیل کے اِس اقدام سے غزہ پر اسرائیلی حملے کے سبب پناہ کے لیے جنوب جانے والے لاکھوں فلسطینیوں کو اب مجبورا دوبارہ خان یونس کے رہائشیوں کے ساتھ نقل مکانی کرنی پڑے گی، جس کے سبب ایک سنگین انسانی بحران بڑھتا جا رہا ہے۔
Comments are closed.