جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

اسرائیلی مظالم جاری: 24 گھنٹوں میں 770 سے زائد فلسطینی شہید

بیت المقدس: جنگ بندی کے بعد اسرائیلی جارحیت دوبارہ سے جاری ہے، 24 گھنٹوں میں 770 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے، 9سوسے زائد فلسطینی زخمی ہوگئے، خواتین سمیت بچوں کی ایک بڑی تعداد شہید اور زخمی ہوئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ میں عارضی جنگ بندی ختم ہونے کے بعد  گزشتہ دو روز سے صہیونی فوجیوں کی جانب سے نہتے فلسطینیوں پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے، 24گھنٹے میں اسرائیلی فوج نے 477 سے زائد حملے کرکے 770 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔

اسرائیلی بمباری غزہ کے گنجان آباد جنوبی حصوں پر کی جارہی ہے جہاں پر فلسطینیوں کی اکثریت نے پناہ  لے رکھی تھی، بمباری اُن جگہوں پر کی گئی جہاں پر فلسطین کے پناہ گزینوں نے رہائش اختیار کی ہوئی تھی۔

خیال رہے کہ  7 اکتوبر سے اب تک غزہ پر  اسرائیلی حملوں میں شہدا کی تعداد 16 ہزار 207 جبکہ زخمی ہونے والے افراد کی تعداد 50 ہزار 870 سے زائد ہو چکی ہے، اسرائیلی بمباری  میں 77 فیصد مکانات اور رہائشی یونٹ تباہ ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ دوسری جانب غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے  اسرائیل نے قطر سے اپنے مذاکرات کار واپس بُلا لیے ہیں، حماس کے نائب سربراہ  صالح العروری نے کہا ہے کہ  جنگ بندی میں تمام اسرائیلی اور غیرملکی  خواتین اور بچوں کو رہا کر دیا گیا ہے، باقی یرغمالی اسرائیلی فوجی ہیں یا پھر فوج کیلئے خدمات سرانجام دیتے رہے ہیں۔

You might also like

Comments are closed.