انسانی جسم کے لیے جتنا مثبت غذا کا استعمال ضروری ہے اتنا ہی جسم سے مضر صحت مواد کی صفائی بھی ضروری ہے جس کے لیے گھر میں موجود چند مسالوں کی مدد سے بنا ڈیٹاکس واٹر تیار کیا جا سکتا ہے جس کے صحت پر حیران کن فوائد حاصل ہوتے ہیں۔
غذائی ماہرین کی جانب سے معدے، گردے اور جگر کی صفائی کے لیے ڈیٹاکس واٹر کا استعمال تجویز کیا جاتا ہے، یہ ڈیٹاکس واٹر کئی طرح کے مختلف طریقوں سے تیار کیے جاتے ہیں، ڈیٹاکس واٹر کے استعمال سے نا صرف جسم سے مضر صحت مادوں کا صفایا ہوتا ہے بلکہ دل کی صحت برقرار، جِلد، بالوں ، نظام ہاضمہ، میٹا بالزم بہتر ہوتا ہے اور وزن میں کمی بھی واقع ہوتی ہے۔
ڈائٹیشنز کے مطابق ہر گھر میں موجود گرم مسالوں کی مدد سے بنے ڈیٹاکس واٹر کا اگر باقاعدگی سے استعمال کر لیا جائے تو اِس کے نتیجے میں ناصرف اضافی وزن میں کمی ہوتی ہے بلکہ یہ ڈیٹاکس واٹر شوگر، دل کے مریضوں، خواتین کے پوشیدہ امراض اور ہائی کولیسٹرول لیول رکھنے والوں کے لیے نہایت مفید ثابت ہوتا ہے۔
اس ڈیٹاکس واٹر کو گردوں اور ہائی بلڈ پریشر کے مریض استعمال نہ کریں، تیزابیت کی شکایت رکھنے والے افراد اس ڈیٹاکس واٹر سے لیموں نکال کر باقی اجزاء کا استعمال کر سکتے ہیں۔
گرم مسالوں کی مدد سے ڈیٹاکس واٹر بنانے کا آسان طریقہ مندرجہ ذیل ہے :
اس ڈیٹاکس واٹر کو بنانے کے لیے ایک چمچ ادرک، دو لیموں چھلکوں سمیت، ایک چوتھائی چمچ سفید زیرہ، ایک انچ دار چینی کا ٹکڑا، ایک چمچ چیا سیڈز اور ایک چوتھائی چمچ ثابت کالی مرچ لے لیں۔
ڈیٹاکس واٹر بنانے کے لیے ایک لیٹر پانی ابال لیں، پانی بوائل ہونے پر چولہا بند کر لیں اور اب اس میں ایک چمچ ادرک کا پیسٹ، دو لیموں چھلکوں سمیت قتلے کٹے ہوئے، ایک چوتھائی چمچ سفید زیرہ، ایک انچ دار چینی کا ٹکڑا اور ایک چوتھائی چمچ ثابت کالی مرچ شامل کر کے ڈھانپ دیں۔
پانی ٹھنڈا ہونے پر اب اسے چھان لیں اور چیا سیڈز شامل کر کے ایک بوتل میں پانی محفوظ کر لیں۔
یہ ڈیٹاکس واٹر ایک ساتھ ختم نہیں کرنا ہے بلکہ سارا دن سادے پانی کے ساتھ ملا کر یا آدھا آدھا کپ کر کے پی پئیں۔
اس ڈیٹاکس واٹر کے استعمال کے نتیجے میں بغیر کھانے پینے کی روٹین میں تبدیلی لائے ایک مہینے میں 2 سے 3 کلو وزن کم کیا جا سکتا ہے۔
Comments are closed.