اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمد اللّٰہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کہتے ہیں کہ گھبرانا نہیں، جبکہ پی ڈی ایم قوم کو کہتی ہے کہ اب گھبرانے کا وقت آ چکا ہے۔
جاری کیئے گئے ایک بیان میں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمد اللّٰہ نے کہا ہے کہ اگر آج بھی قوم نہیں گھبرائے گی تو مہنگائی کا سونامی قوم کو لے ڈوبے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم بڑھتی مہنگائی کے خلاف 22 کروڑ عوام کی آواز بن کر آج سے سڑکوں پر نکل رہی ہے۔
حافظ حمد اللّٰہ نے کہا کہ پی ڈی ایم ذات اور اقتدار کی نہیں بلکہ غربت، بے روزگاری اور مہنگائی کے خلاف عوام کی جنگ لڑ رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے، پیٹرولیم مصنوعات اور اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللّٰہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ جمعہ، ہفتہ، اتوار بازاروں سمیت یوٹیلٹی اسٹورز کو بھی مہنگائی کے طوفان نے لپیٹ میں لے لیا ہے۔
Comments are closed.