وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ آصف زرداری پر الزامات کے معاملے پر عمران خان کو بھی سمن کیا جا سکتا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ شیخ رشید کے ساتھ جو ہو رہا ہے وہ ہرگز انتقامی سیاست نہیں، ریاست کو حق ہے کہ شیخ رشید سے پوچھے کہ آپ کے پاس کیا ثبوت ہیں، شیخ رشید کا عدالت نے 2 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا ہے، انہوں نے سمن کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا، عدالت نے سمن جاری کرنے سے متعلق حکم دیا تھا۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ شیخ رشید کو ہم نے نہیں کہا تھا کہ آپ اتنا بڑا الزام لگائیں، الیکشن کمیشن کو ہم نے نہیں کہا کہ فواد چوہدری کے خلاف مقدمہ کرے، فواد چوہدری کے خلاف سیکریٹری الیکشن کمیشن نے مقدمہ کروایا تھا، فواد چوہدری کے منہ پر کپڑا ڈالنے کی انکوائری کروا رہے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم گرفتاریاں نہیں کرنا چاہتے، بیانات کے ذریعے پھیلائی جانے والی دہشت گردی ختم ہونی چاہیے۔
رانا ثناء نے کہا کہ افغان حکام کے ساتھ پشاور دھماکے کی معلومات شیئر کریں گے، پاکستان میں دہشت گردی کے سہولت کار افغانستان میں ہیں، ٹی ٹی پی کا جو معاملہ ہے اس میں شک نہیں کہ یہیں سے لوگ افغانستان گئے ہوئے ہیں، بیانات کے ذریعے جو دہشت گردی پھیلائی جا رہی ہے وہ بھی رکنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کل پشاور میں اپیکس کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے۔
Comments are closed.