آزاد کشمیر انتخابات کے سلسلے میں کراچی کے علاقے کورنگی نمبر 3 میں کمپری ہینسو اسکول میں جاری ووٹنگ کے دوران جعلی ووٹ کی شکایت سامنے آئی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کورنگی کےصدر کی جانب سے ریٹرننگ افسر ندیم حیدر سے جعلی ووٹوں پر اعتراض کیا گیا ہے، پی ٹی آئی کے کارکنان کی جانب سے نعرے لگائے گئے اور ریٹرننگ افسر پر دھاندلی کا الزام بھی لگایا ہے جس کے نتیجے میں کمپری ہینسو اسکول میں بد نظمی کے باعث پولنگ کا عمل رک گیا۔
دوسری جانب ریٹرننگ افسر ندیم حیدر نے اس بد نظمی کے باعث رینجرز طلب کر لی ہے اور ایس ایس پی کورنگی کو بھی فون کیا ہے۔
ریٹرننگ افسر ندیم حیدر کا رینجرز طلب کرتے ہوئے کہنا ہے کہ کورنگی پولنگ اسٹیشن پربدنظمی ہوئی ہے، آپ خود بھی یہاں آئیں، غیر متعلقہ افراد کو پولنگ اسٹیشن سے نکالا جائے۔
ریٹرننگ افسر ندیم حیدر نے جیو نیوز سے بات چیت کے دوران کہا ہے کہ ابھی پولنگ اسٹیشن اور بوتھ کا وزٹ کیا، کچھ لوگ بدنظمی کی کوشش کر رہے تھے، تمام غیر متعلقہ افراد کو یہاں سے نکال دیا ہے، رینجرز کو طلب کر لیا ہے۔
آر او ندیم حیدر کا کہنا ہے کہ پولنگ کا عمل بلا تعطل جاری ہے، لوگوں کا الزام لگانا بہت آسان ہے، پولیس نے تمام صورتحال کو کنٹرول کرلیا ہے۔
Comments are closed.