جمعہ 19؍ربیع الاول 1445ھ6؍اکتوبر 2023ء

آئی ٹی کپمنیز کو 50 فیصد ڈالرز کے آزادانہ استعمال کی اجازت دیدی: نگراں وزیرِ آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف

نگراں وزیرِ انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا ہے کہ آئی ٹی انڈسٹری کو اب اپنا 50 فیصد ریونیو ڈالرز کی شکل میں رکھنے اور اس کے آزادانہ استعمال کی اجازت ہو گی۔

ڈاکٹر عمر سیف نے حال ہی میں نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں بتایا ہے کہ پاکستان میں ڈالر لانا، یہاں رکھنا اور اُسے استعمال کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اسی لیے پاکستان کی بہت سی آئی ٹی کمپنیوں نے یہاں ڈالر لانا ہی بند کر دیا تھا، پاکستانی آئی ٹی کمپنیز باہر ہی اپنی کمپنیاں کھول کر وہیں ڈالرز رکھ رہی تھیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اس وقت جو پاکستان کی آئی ٹی ایکسپورٹ کا حجم 2.6 ارب ڈالرز ہے یہ حقیقت میں 3.5 یا 4 ارب ڈالرز کے لگ بھگ ہے۔

ڈاکٹر عمر سیف نے بتایا کہ یہ معاملہ بڑی دیر سے چل رہا تھا، جس پر پاکستانی آئی ٹی کمپنیز کی سہولت کے لیے حال ہی میں ایپیکیس کمیٹی کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان کی جو آئی ٹی کمپنیز ہیں وہ پاکستان میں اپنے 50 فیصد ریونیو کو ڈالرز کی شکل میں ناصرف رکھ سکتی ہیں بلکہ اپنے پیسے کا آزادانہ استعمال بھی کر سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے آئی ٹی کمپنیوں کو صرف 35 فیصد تک ڈالرز رکھنےکی اجازت تھی، پابندی کے باعث متعدد کمپنیوں نے بیرونِ ممالک اپنے اکاؤنٹس کھول رکھے تھے، اس فیصلے سے آئی ٹی کمپنیاں بیرونِ ممالک سے اپنے اکاؤنٹ پاکستان منتقل کر سکیں گی۔

نگراں وفاقی وزیر عمر سیف نے کہا ہے کہ آئندہ کسی پاکستانی آئی ٹی کمپنی پر اپنے 50 فیصد ریوینیو کو ڈالرز میں استعمال کرنے میں کوئی قدغن نہیں ہو گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ پچھلے 4 سے 5 ہفتوں میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لیا گیا ہے اور ناصرف 50 فیصد ڈالر ریٹینشن اکاؤنٹس بنائے جائیں گے  بلکہ انہیں آزادانہ طور پر استعمال کرنے کی اجازت بھی ہو گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.