وزیرِ مملکت خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف نے بہت سی چیزوں پر سوال اٹھائے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ آئی ایم ایف مشن چیف نیتھن پورٹر کے ساتھ اسحاق ڈار کی ورچوئل بات چیت ہوئی ہے، آئی ایم ایف نے بجٹ کےحوالے سے بعض چیزوں پر وضاحت مانگی ہے۔
عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ آئی ایم ایف کو اخراجات اور ٹیکسوں کے معاملے پر تشویش ہے، آئی ایم ایف کو بجٹ کی حکمتِ عملی اور وژن سے آگاہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے کہا ہے کہ بجٹ کا مقصد معاشی گروتھ لانا ہے، عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ اسٹریٹجک لیول پر بات چیت ہو رہی ہے جبکہ اخراجات سمیت دیگر اعداد و شمار پر مزید تکنیکی بات ہوگی۔
وزیرِ مملکت خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف پاور ڈویژن اور اسٹیٹ بینک حکام سے بھی بات چیت کرے گا، ایکسچینج ریٹ اور پالیسی ریٹ پر آئی ایم ایف اسٹیٹ بینک سے بات کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت معاشی استحکام کے علاوہ کوئی قدم نہیں اٹھائے گی، پیٹرولیم لیوی بڑھانے کا فیصلہ نہیں کیا، صرف قانون میں گنجائش رکھی ہے۔
عائشہ غوث پاشا نے یہ بھی کہا کہ اگرضرورت پڑی تو پیٹرولیم لیوی کی شرح میں اونچ نیچ کریں گے۔
Comments are closed.