اسلام آباد:وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ عمران خان حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان ہونے والے معاہدے کے چنگل سے نکلیں گے تو ہی ڈالر نیچے آئے گا۔
مفتاح اسماعیل نے کہاکہ ڈالر کی پرواز اور مہنگائی میں اضافہ عمران خان کے آئی ایم ایف سے معاہدے اور پھر اس کی خلاف ورزی کے اثرات ہیں، عمران خان نے جو معاہدے کئے ہیں، ان کے چنگل اور دلدل سے نکلیں گے تو ڈالر نیچے آئے گا اور اسٹاک ایکسچینج پھر اوپر جائے گا۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ عمران خان معیشت کو جس نہج پر چھوڑ کر گئے ہیں، اسے واپس لانا آسان کام نہیں، پٹرول پر سبسڈی نے پاکستان کی معاشی صورتحال کو شدید مالی دباؤسے دوچار کیا۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں پٹرول کی قیمت خرید اور پاکستان میں قیمت فروخت کے درمیان فرق سے حکومت کو اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس مہینے تقریبا 120ارب روپے کے نقصان کا تخمینہ تھا جو سویلین حکومت چلانے کے خرچ سے تین گنا زیادہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اتنا بڑا خسارہ کوئی بھی حکومت برداشت نہیں کرسکتی، اسی وجہ سے تمام مارکیٹوں میں ہلچل ہوئی اور مہنگائی پھیل رہی ہے، حکومت کے پاس پیسے نہ ہوں اور وہ پھر بھی سبسڈی دے تو مزید قرض لینا پڑتا ہے، اس وجہ سے شرح سود میں اضافے کے ساتھ روپے پر دبائو بڑھ رہا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ عمران خان نے تاریخ کا سب سے بڑا قرض لیا، 71سال میں پاکستان نے جتنا مجموعی قرض لیا، عمران خان نے ساڑھے 3سال میں اس کا 80فیصد قرض لیا، انہوں نے ساڑھے تین سال میں 20ہزار ارب روپے قرض لیا ہے، جس کی وجہ سے پاکستان کی حکومت شدید معاشی دباؤ کا شکار ہوئی۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر کی یہ صورتحال خطرناک ہے، کم از کم دو گنا ہونے چاہئیں، غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر کی صورتحال نے پاکستان کے معاشی دبائو کو بڑھایا ہے، عمران خان نے آئی ایم ایف سے کئے تحریری معاہدے کی خلاف ورزی کی جسے ہمیں دوبارہ بحال کرنا پڑا۔
Comments are closed.