وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ایسی معیشت ورثے میں ملی جس کی وجہ سے عوام کو سبسڈی نہیں دے سکتے، عوام کو سبسڈی دینے کے پیسے نہیں ہیں، روپے کی اصل قیمت ڈالر کے مقابلے میں دو سو روپے سے کم ہے، جیسے ہی آئی ایم ایف کا معاہدہ ہوگا دوبارہ روپے کی قدر بحال ہوگی۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے ڈیموں کے نام پر قوم سے اربوں کا فراڈ کیا، عمران خان منفی پروپیگنڈا کرکے مارکیٹ کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے، عمران خان نے بال ٹمپرنگ، فنڈ ٹمپرنگ اور سیاسی ٹمپرنگ کی۔
احسن اقبال نے کہا کہ دوسروں سے منی ٹریل مانگنے والا عمران خان اپنی منی ٹریل دینے سے کیوں گھبراتا ہے، فارن فنڈنگ سے ملنے والی رقم کے استعمال کا کوئی علم نہیں، عمران خان نے ڈیم فنڈ کے لیے لوگوں سے اربوں روپے کا فراڈ کیا، فنانشل ٹائمز میں عمران خان کی اربوں روپے کی منی لانڈرنگ بے نقاب ہوچکی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان ملک کی معیشت کے بارے میں منفی پروپیگنڈا کر رہے ہیں، منفی پروپیگنڈے سے ملک معاشی عدم استحکام کا شکار ہے ، عمران خان ملک کو سیاسی بے یقینی میں مبتلا رکھنا چاہتے ہیں، ملک میں مہنگائی، ڈالر کی قیمت میں اضافے کی بنیاد عمران نیازی نے رکھی۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ ہم نے ملک کی معیشت کو دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کیا ہے، ہم ملکی معیشت کو مستحکم کرکے الیکشن میں جائیں گے، ہم نے مشکل فیصلے کیے جو شاید کوئی اور سیاسی قوت نہیں کر سکتی تھی۔
Comments are closed.