گلگت کے علاقے نلتر میں گاڑی پر فائرنگ میں ملوث 3 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
نلتر پائین کے مقام پر مسافر گاڑی پر خودکار ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں خاتون سمیت 6 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوئے۔
واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کرکے واقعے میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
افسوسناک واقعہ آج سہ پہر 4 کے قریب اس وقت پیش آیا جب گلگت سے نلتر بالا جانے والی مسافروں سے بھری جیپ پر نلتر پائین کے آر سی سی پل پر خود کار ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ کی گئی۔ جس کے نتیجے میں جیپ میں سوار 18 مسافروں میں سے ایک خاتون سمیت 6 افراد جاں بحق اور ایک چھوٹی بچی سمیت 7 زخمی ہوگئے۔
تمام جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر سٹی اسپتال گلگت منتقل کردیا گیا۔
ایس ایس پی راجہ مرزا حسن کے مطابق ملزمان کا تعلق نلتر پائین سے ہے۔ فائرنگ میں 6 افراد جاں بحق اور7 زخمی ہوئے تھے۔
نلتر پائین سے تعلق رکھنے والے ملزمان کے نام شریف الدین، طاہرحسین اور واجد حسین بتائے گئے ہیں۔
واقعے کے خلاف سلطان آباد میں شاہراہ قراقرم پر اور گلگت شہر میں ریور ویو روڈ پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا گیا۔
Comments are closed.