وزیراعظم عمران خان کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آنے سے دو روز قبل ملکی و غیر ملکی اعلیٰ عہدیداروں نے وزیر اعظم سے ملاقاتیں کی تھیں۔
عمران خان نے 18 مارچ کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں’نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم‘ کا افتتاح کیا تھا جس میں ان کے ہمراہ زلفی بخاری اور سینیٹر فیصل جاوید بھی موجود تھے۔
18مارچ کو ہی وزیراعظم نے کورونا ویکسین لگوائی تھی، اسی روز وزیراعظم عمران خان نے کویتی وزیر خارجہ شیخ ڈاکٹر احمد ناصر المحمد الصباح سے بھی ملاقات کی تھی۔
عمران خان نے ایم کیو ایم کے وفد سے ملاقات بھی کی تھی، وفد میں امین الحق، کنور نوید، فیصل سبزواری اور فروغ نسیم شامل تھے، جبکہ ملاقات میں اسد عمر، شیخ رشید، شفقت محمود، علی زیدی اور عبدالحفیظ شیخ بھی شریک ہوئے۔
وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز مالاکنڈ کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے یونیورسٹی آف مالاکنڈ کے نئے بلاک کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی تھی۔
اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان نے سوات موٹر وے کا دورہ بھی کیا تھا اور اس موقع پر ان کے ہمراہ وزیر مواصلات مراد سعید اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان بھی موجود تھے۔
Comments are closed.