خیبرپختونخوا حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر سخت اقدامات اٹھا لیے، صوبے بھر میں آج سے شادی ہالوں میں تقریبات پر پابندی لگادی گئی۔
ٹاسک فورس کے اجلاس کے بعد وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے صوبائی حکومت کے اقدامات پر میڈیا بریفنگ دی اور کہا کہ ہم لاک ڈاؤن نہیں لگانا چاہتے ہیں۔
خیبرپختونخوا میں کورونا وبا کے پھیلاؤ میں خطرناک حد تک اضافے کے بعد صوبائی حکومت نے شادی ہالز میں شادی بیاہ کی تقریبات پر پابندی عائد کردی۔
صوبائی حکومت نے کورونا وائرس سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ رمضان المبارک میں بازار بند ہونے سے ٹرانسپورٹ بھی بند رہے گی۔
تیمور سلیم جھگڑا نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ پشاور، ایبٹ آباد، مردان، ہری پور میں زیادہ کیس رپورٹ ہوئے، کورونا وائرس کیسز میں اضافے سے ہیلتھ سسٹم پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ صوبے میں لاک ڈاؤن لگانے کا ارادہ نہیں ہے، کوشش ہے کہ معاشی سرگرمیاں معطل نہ ہوں۔
صوبائی وزیر صحت نے مزید کہا کہ کسی بھی ضلع میں کورونا کے مثبت کیسز 5 فیصد ہونے کی صورت میں وہاں تعلیمی اداروں کو بند کیا جائے گا جبکہ ہفتے میں 2 دن بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بند رہے گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سول سکریٹریٹ میں ملاقاتیوں پر پابندی ہوگی، سرکاری دفاتر میں صرف 50 فیصد عملہ کام کرے گا۔
تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا تھا کہ صوبائی وزراء کو اختیار ہوگا کہ وہ حالات کے مطابق اپنے دفاتر میں عملے کو مزید کم کریں تاہم پولیو مہم جاری رہے گی۔
اس موقع پر معاون خصوصی اطلاعات کامران بنگش نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کریں۔
Comments are closed.