بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کورونا ویکسین کی تیاری میں ہنگامی اضافہ کیا جائے، یورپی یونین

یورپی قیادت نے عالمی وباء کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ویکسین کی تیاری میں ہنگامی اضافے، اس کی فراہمی اور جلد از جلد تقسیم کا مطالبہ کیا ہے۔

یہ مطالبہ 27 ممبر ممالک کی یورپین سمٹ کے بعد یورپین کونسل کے صدر چارلس مشل اور یورپین کمیشن کی صدر ارسلا واندرلین کی جانب سے جمعرات کو ہونے والی ایک آن لائن پریس کانفرنس اور بعد ازاں یورپین کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بھی سامنے آیا۔ 

دونوں یورپین لیڈرز نے خبردار کیا کہ یورپ میں کورونا وائرس کی صورتحال خصوصاً اس کی نئی نئی شکلیں بدلنے کے بعد خراب ہے۔ اس لیے غیر ضروری سفر کے ساتھ دیگر پابندیوں کو ابھی جاری رکھنا پڑے گا۔

یورپین کمیشن کی صدر نے کہا کہ اجلاس کے تمام شرکاء نے اس عالمی وباء اور اس کے( Variants B.1.1.7 ) پر خصوصی گفتگو کی جو کہ اب ہر ممبر ملک میں موجود ہے۔

اس کے ساتھ یہ مطالبہ بھی سامنے آیا کہ ویکسین کی تیاری، فراہمی اور تقسیم میں ہنگامی اضافہ کیا جائے۔

علاوہ ازیں اس اجلاس میں ایسٹرن میڈیٹیرین علاقے میں صورتحال اور ترکی کے ساتھ یورپ کے تعلقات پر بھی گفتگو کی گئی۔

اجلاس میں ترکی کی جانب سے ایسٹرن میڈیٹیرین ایریا میں تیل و گیس کی تلاش کیلئے ڈرلنگ روک دینے اور ترکی اور یونان کے درمیان گفتگو کی بحالی اور آئندہ آنے والے مذاکرات میں قبرص کا مسئلہ اقوام متحدہ کے ذریعے حل کرنے کے فیصلے پر اطمینان کا اظہار بھی کیا گیا۔

اس آن لائن پریس کانفرنس میں یورپین کونسل کے صدر چارلس مشل نے یہ بھی اعلان کیا کہ وہ آئندہ ماہ ترکی جانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.