جمعرات 8؍ شوال المکرم 1442ھ20؍مئی 2021ء

کورونا وائرس کی نئی لہر: پنجاب میں کاروباری مراکز شام 6 بجے بند کرنے کا حکم

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے باعث کاروباری مراکز شام 6 بجے بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ ہفتہ اور اتوار کام کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔

کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے باعث پنجاب میں پابندیوں اور کاروباری سرگرمیوں کے اوقات میں تبدیلی کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

ترجمان محمد عثمان کے مطابق نوٹیفیکیشن کا اطلاق فی الفور ہوگا اور 29 مارچ تک نافذ العمل رہے گا۔

پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کا آغاز ہوگیا ہے اور نئے کیسز کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے۔

محمد عثمان نے کہا کہ پنجاب میں تمام سرکاری و نجی دفاتر 50 فیصد اسٹاف کے ساتھ کام کی پالیسی پر کاربند ہوں گے جبکہ لاہور، راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ اور گجرات کے تمام انڈور، آؤٹ ڈور میرج ہالز 15 مارچ سے بند ہوجائیں گے۔

ترجمان کے مطابق لاہور، راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ اور گجرات کے ریسٹورنٹس اور کیفے میں انڈور ڈائننگ بند ہوگی۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق لاہور، راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ اور گجرات میں سماجی و مذہبی تقریبات کے لیے 50 افراد کی اجازت ہوگی۔

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے متاثر ایک اور ڈاکٹر چل بسا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پنجاب کے7 بڑے شہروں کے علاوہ باقی اضلاع میں 300 سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی عائد ہوگی جبکہ تمام مزارات، درگاہیں اور سینما ہالز بھی مکمل طور پر بند ہوں گے۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق تمام تفریحی مقامات اور پارکس شام 6 بجے بند کردیئے جائیں گے جبکہ میڈیکل اسٹورز، لیبارٹریاں اور کولیکشن پوائنٹس 24 گھنٹے اور پورے ہفتے کھلے رہیں گے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ جنرل اسٹورز، چکیاں، فروٹ، سبزی، تندور اور پٹرول پمپ پورے ہفتہ 24 گھنٹے کھلیں گے۔

دوسری جانب ٹائر پنکچر، ورک شاپس، اسپیئر پارٹس، فلنگ پلانٹس اور زرعی مشینری و آلات کی دکانیں بھی کھلی رہیں گی۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر آ چکی ہے ، ملک میں برطانیہ کی قسم تیزی سے پھیلنے لگی جس کے ساتھ ہی نئے کیسز کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے۔ پنجاب کے شہر گجرات میں کورونا وائرس کی نئی لہر شدت اختیار کرگئی۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران یاسمین راشد نے کہا کہ لاہور، جہلم، اوکاڑہ، گجرات میں 70 فیصد کیس برطانوی قسم کے ہیں۔

گجرات میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے۔ شہر میں آکسیجن بیڈز سو فیصد بھرے ہوئے ہیں، اب مزید مریضوں کے لیے آکسیجن بیڈز میسر نہیں ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ اپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 6لاکھ 2 ہزار 536ہوگئی، ملک میں کورونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد 19ہزار 764ہوگئی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.