بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کورونا سے ابتک 10 سال تک کے 51 بچے جاں بحق ہوئے: این سی او سی

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کورونا کے باعث اب تک 10 سال تک کے 51 بچے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

این سی او سی کی جانب سے جاری کیئے گئے اعلامیئے میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث اب تک جاں بحق ہونے والوں میں 154 ہیلتھ کئیر ورکرز شامل ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 198 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 108 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، 4 ہزار 397 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز آنے کی شرح 9 فیصد ہو گئی۔

کورونا کے باعث اب تک سب سے زیادہ اموات 61 سے 70 سال کے عمر کے افراد کی ہوئی ہیں، جبکہ اس سے پاکستان میں اب تک کُل 18 ہزار 537 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

سندھ میں اب تک کورونا کے باعث 4 ہزار 691 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ کورونا سے سب سے زیادہ اموات پنجاب میں 8 ہزار 809 ہوئیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا سے اب تک 3 ہزار 497 افراد، اسلام آباد میں 699 افراد، بلوچستان میں 240 افراد جان بحق ہوئے ہیں۔

این سی او سی کا یہ بھی کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث اب تک گلگت بلتستان میں 107 افراد اور آزاد کشمیر میں 494 افراد کا انتقال ہوا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.