وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کل ہماری جمہوریت کے لیے بہت ہی افسوسناک دن تھا، اس طرح پہلے کبھی نہیں دیکھا کہ ووٹ مسترد ہوئے ہوں۔
حیدر آباد سے جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سینیٹ میں خفیہ کیمرے لگانے کے معاملے کی تحقیقات ہونی چاہیے۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی ہی چیئرمین سینیٹ ہیں، اُمید ہے عدالتیں انصاف فراہم کریں گی۔
اُنہوں نے کہا کہ پریزائیڈنگ افسر کو جو اسکرپٹ دیا گیا وہی انہوں نے پڑھ کر سنایا، ہم لوگوں کے نمائندےہیں، آئین کے تحت جیسے چاہیں، جسے چاہیں ووٹ دے سکتے ہیں۔
مراد علی شاہ نے یہ بھی کہا کہ سینیٹ میں پولنگ بوتھ سے کیمرے نکلتے ہیں، ایسے تو اسکول کے سی آر کی سلیکشن میں نہیں ہوتا۔
اُن کا کہنا تھا کہ جنہوں نے کیمرا لگایا انہوں نے ہی مظفر شاہ کو اسکرپٹ دیا، مظفر شاہ لائق آدمی ہیں وہ ایسی غلطی نہیں کر سکتے لیکن وہ اسکرپٹ پڑھ رہے تھے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ مظفر شاہ کی اہلیت پر مجھے شک نہیں لیکن انہوں نے جو فیصلہ کیا وہ ان کا نہیں تھا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ ہم مسترد ووٹوں کے معاملے کو چیلنج کریں گے۔
Comments are closed.