بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کراچی کی مردم شماری پر PTI ،MQM نے سودا کر لیا: حافظ نعیم الرحمٰن

امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کہتے ہیں کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے کراچی کی مردم شماری پر سودا کر لیا ہے۔

جماعتِ اسلامی کراچی نے اپنی ’حقوقِ کراچی تحریک‘ کے تحت آج شہر کے 50 مقامات پر دھرنے دینے کا اعلان کر دیا ہے۔

اس سلسلے میں امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے ادارۂ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ آج کے احتجاج میں شرکت کریں۔

حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ حکمرانوں نے واضح کر دیا ہے کہ کراچی والوں کو جوتے کی نوک پر رکھ دیا گیا ہے، شہر کی صورتِ حال روز بروز سنگین ہوتی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ روشنیوں کا شہر اب ایک کھنڈر بن چکا ہے، گرین لائن بس پراجیکٹ اور پانی کا کے فور منصوبہ سب کے سامنے ہیں۔

امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی نے کہا کہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے گیس کی بندش کا سامنا ہے، فروری اور مارچ میں صنعتوں کو بھی گیس بند کر دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم میں بھی اضافہ ہو گیا ہے، ہر گزرتے ہوئے دن کے ساتھ شہر بھر میں وارداتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ کراچی کے لوگ اُٹھ نہیں رہے، ہم یہاں کے لوگوں کے مسائل اٹھا رہے ہیں جس کے لیے ’حقوقِ کراچی تحریک‘ بنی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اس تحریک میں سب لوگوں نے اپنا حصہ ڈالا ہے، مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلے کے برخلاف کوئی فیصلہ کرنا ہے تو اس کے لیے اسمبلی سے منظوری ضروری ہے۔

جماعتِ اسلامی کراچی کے امیر نے مزید کہا کہ غیر معینہ مدت کے لیے کوٹہ سسٹم کو بڑھا دیا گیا ہے مگر ہم کراچی کے حقوق پر اب کسی کو ڈاکہ مارنے نہیں دیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج کراچی میں 50 اہم مقامات پر احتجاجی دھرنے دئیے جائیں گے، میں ہر طبقے کے لوگوں کو دھرنوں میں آنے کی دعوت دیتا ہوں، ان دھرنوں کا آغاز شام 4 بجے کیا جائے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.