کراچی کے اوپر گہرے بادلوں کا راج ہے جبکہ صبح سویرے مختلف علاقوں میں بوندا باندی ہوئی، محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج مطلع ابر آلود رہنے اور مزید بوندا باندی ہونے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات نے آج کشمیر، اسلام آباد، بالائی پنجاب اور بالائی خیبر پختون خوا میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کر دیا، اس دوران چند مقامات پر موسلا دھار بارش کی بھی توقع ہے۔
محکمۂ موسمیات نے آج کراچی کے علاوہ ٹھٹھہ، بدین اور تھر پارکر میں بھی ہلکی بارش ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔
ادھر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ آج سے 30 جولائی تک شمالی اور وسطی پنجاب اور ڈی جی خان میں بارش کا امکان ہے۔
تیز بارش کی وجہ سے بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔
جن شہروں میں اربن فلڈنگ کے خدشے کا اظہار کیا گیا ہے ان میں لاہور، روالپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور پشاور شامل ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق بارش کے باعث دریائے چناب اور جہلم میں طغیانی کا بھی خطرہ ہے۔
ادھر خیبر پختون خوا ڈیزاسسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق صوبے کے کئی اضلاع میں آج سے 30 جولائی تک مون سون بارشوں اور تیز ہواؤں کے نئے سلسلے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جس کے لیے تمام تر حفاظتی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
Comments are closed.